کویت،21/جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کویت میں ایران کے ثقافتی اتاشی مرکز کو بند کردیا گیا ہے۔العربیہ نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق، کویت میں ایرانی سفارت خانے کے ثقافتی کے علاوہ فوجی دفاتر کو بند کردیا گیا ہے۔ترکی کی اناطولیہ نیوز ایجنسی نے جمعرات کو اطلاع دی ہے کہ کویت نے ایرانی سفارت کاروں کی تعداد بھی کم کر کے 9 کردی ہے اور اضافی سفارتی عملہ کو ڈیڑھ ماہ میں ملک سے چلے جانے کی ہدایت کی ہے۔کویت کی وزارت داخلہ نے گذشتہ روز ابدالی سیل سے تعلق رکھنے والے 16 مجرموں کی تصاویر جاری کی تھیں۔انھیں ان کی عدم موجودگی میں عدالت نے قید کی سزائیں سنائی ہے۔وزارت داخلہ نے ایک بیان میں شہریوں اور مکیوں سے ان کی گرفتاری میں مدد دینے کی اپیل کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر کسی نے بھی ان مجرموں کو پناہ دی یا کسی طرح ان کی معاونت کی تو اس کو قید اور جرمانے کی سزا کا سامنا ہوسکتا ہے۔واضح رہے کہ 13/اگست 2015 کو کویتی حکام نے عراق کی سرحد کے نزدیک واقع الابدالی فارم کے علاقے سے متعدد مدعاعلیہان کو گرفتار کر لیا تھا اور ان مشتبہ افراد کی ملکیت والے مکانوں سے بھاری مقدار میں گولہ بارود اور ہتھیار برآمد ہوئے تھے۔پکڑے گئے اسلحہ میں 19ٹن گولہ بارود، 144کلوگرام دھماکا خیز مواد،مختلف قسم کے 68ہتھیار اور 204دستی بم (گرینیڈز)شامل تھے۔ان کے علاوہ برقی ڈیٹونیٹرز بھی پکڑے گئے تھے۔گذشتہ سال ایک عدالتی فیصلے کے بعد سے کویت نے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات کے ضمن میں متعدد اقدامات کیے ہیں۔گذشتہ سال ایک ایرانی اور متعدد کویتیوں پر مشتمل گروپ کو ایران اور لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور پھر انہیں جاسوسی کے الزامات میں عدالت نے قصور وار قرار دیا تھا۔